کرکٹ کی تاریخ میں چوتھا فارمیٹ ٹیسٹ ٹوئینٹی متعارف

ویب ڈیسک
|
18 Oct 2025
کرکٹ کی دنیا میں ایک اور نیا اور دلچسپ فارمیٹ متعارف کرا دیا گیا ہے، جسے ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ کا نام دیا گیا ہے۔
یہ منفرد فارمیٹ بھارتی اسپورٹس سرمایہ کار گورو بہیروانی نے پیش کیا، جسے کرکٹ کے چوتھے فارمیٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ٹیسٹ ٹوئنٹی کو 16 اکتوبر کو ایک آن لائن تقریب کے دوران لانچ کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے کرکٹ عہدیداران اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
اس فارمیٹ میں ٹیسٹ کرکٹ کی حکمت عملی اور ٹی ٹوئنٹی کی رفتار و سنسنی کو یکجا کیا گیا ہے۔
فارمیٹ کی خصوصیات
’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ میچ 80 اوورز پر مشتمل ہوگا جس میں دونوں ٹیمیں 20، 20 اوورز کی دو اننگز کھیلیں گی۔
پہلی اننگز کی برتری دوسری اننگز میں شامل ہو گی، بالکل ٹیسٹ کرکٹ کی طرح۔
فارمیٹ میں فالو آن کا اصول برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ فری ہٹ اور پاور پلے جیسے ٹی ٹوئنٹی کے قوانین بھی شامل ہیں۔
اگر دونوں ٹیموں کے مجموعی اسکور برابر ہوں تو میچ کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعے کیا جائے گا۔
تاہم، اگر کوئی ٹیم اپنی اننگز پانچ وکٹیں باقی رکھتے ہوئے مکمل کر لے تو وہ میچ کو ڈرا قرار دینے کا اختیار رکھتی ہے۔
پہلا ایونٹ کب ہوگا؟
ٹیسٹ ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت پہلا ایونٹ جونیئر ٹیسٹ ٹوئنٹی چیمپئن شپ کے نام سے جنوری 2026 میں منعقد کیا جائے گا۔
اس ٹورنامنٹ میں 13 سے 19 سال کی عمر کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔
چیمپئن شپ میں 6 ٹیمیں شرکت کریں گی، جن میں 3 بھارت سے جبکہ باقی 3 دبئی، لندن اور امریکا سے منسوب ہوں گی۔
ہر ٹیم میں 16 کھلاڑی ہوں گے، جن میں آدھے بھارتی اور آدھے غیر ملکی ہوں گے۔
اس فارمیٹ کو اے بی ڈی ویلیئرز، سر کلائیو لائیڈ اور میتھیو ہیڈن سمیت کئی سابق اسٹار کھلاڑیوں کی حمایت حاصل ہے۔
Comments
0 comment