ٹیوشن سینٹر میں طالبہ کی ہلاکت: ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشاف

ٹیوشن سینٹر میں طالبہ کی ہلاکت: ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشاف

پوسٹ مارٹم کے بعد چھٹی جماعت کی طالبہ کی میت ورثا کے حوالے کر دی گئی
ٹیوشن سینٹر میں طالبہ کی ہلاکت: ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشاف

Webdesk

|

10 Jul 2026

لاہور: اچھرہ میں ٹیوشن سینٹر میں جاں بحق ہونے والی 10 سالہ طالبہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق بچی کی موت گلے میں پھندا لگنے سے دم گھٹنے کے باعث ہوئی۔

پوسٹ مارٹم کے بعد چھٹی جماعت کی طالبہ کی میت ورثا کے حوالے کر دی گئی، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوں سے تحقیقات جاری ہیں۔

 ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے گلے پر رسی یا پھندے کا واضح نشان موجود ہے اور موت کی ظاہری وجہ دم گھٹنا قرار دی گئی ہے۔

 رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ طالبہ کے جسم پر تشدد یا زبردستی کے دیگر واضح نشانات نہیں ملے۔ پولیس حکام کے مطابق موت کی حتمی وجہ کا تعین فرانزک تجزیے، کیمیکل ایگزامینر کی رپورٹ اور دیگر سائنسی شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔

 تحقیقات کے سلسلے میں جائے وقوعہ سے حاصل کیے گئے فنگر پرنٹس، ڈی این اے سمیت دیگر شواہد فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز 10 سالہ طالبہ معمول کے مطابق ٹیوشن سینٹر پہنچی۔

 دورانِ کلاس وہ واش روم گئی، تاہم کافی دیر تک واپس نہ آنے پر انتظامیہ نے دروازہ توڑا، جہاں سے وہ بے ہوش حالت میں ملی۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کے انتقال کی تصدیق کر دی۔

مقتولہ کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی دو دیگر بیٹیاں بھی اسی ٹیوشن سینٹر میں زیرِ تعلیم ہیں۔ ان کے مطابق انہیں ٹیوشن سینٹر سے اطلاع دی گئی کہ بچی کی طبیعت خراب ہو گئی ہے، جس پر وہ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور اسے اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچی اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکی تھی۔

پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے خودکشی، قتل اور دیگر تمام ممکنہ پہلوں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ٹیوشن سینٹر سے متعلق افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، جبکہ جائے وقوعہ اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی تحویل میں لے کر اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 پولیس ذرائع کے مطابق یہ دعوی بھی زیرِ تفتیش ہے کہ متوفیہ نے ماضی میں مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی تھی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا گیا اور تمام امکانات کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!