شوہر سے جھگڑے پر خاتون نے نند کے گھر میں خود کو آگ لگا لی، جاں بحق

ویب ڈیسک
|
25 Sep 2025
شہر قائد کے علاقے نیو کراچی نمبر 6 میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے نے سب کو غمزدہ کر دیا، جہاں 50 سالہ فردوس بی بی نے گھریلو جھگڑے کے بعد اپنی زندگی کا چراغ خود بجھا دیا۔
پولیس کے مطابق فردوس نے پارک کے قریب خود کو آگ لگا لی تھی۔ انہیں فوری طور پر ریسکیو ادارے کے رضاکاروں نے تشویشناک حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا، تاہم 90 فیصد جھلسنے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکیں اور دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔
ایس ایچ او نیو کراچی رضوان قریشی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ متوفیہ کے گھر میں میاں بیوی کے درمیان تنازع ہوا تھا۔ خاتون کی نند نے بھی پولیس کو بیان دیا کہ جھگڑے کے بعد فردوس نے انتہائی قدم اٹھایا۔
پولیس نے شوہر عرفان سمیت دیگر اہل خانہ اور محلے داروں کے بیانات قلمبند کرنا شروع کر دیے ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔
یہ واقعہ گھریلو تنازعات کے نتیجے میں بگڑتی ہوئی خاندانی صورتحال کی ایک کڑی ہے، جس نے ایک اور گھر کو اندھیرے میں دھکیل دیا۔
Comments
0 comment