لائبہ اعجاز کیس، وزیر داخلہ نے والد کو رقم لوٹا دی

لائبہ اعجاز کیس، وزیر داخلہ نے والد کو رقم لوٹا دی

بیٹی بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے سانحے کو کبھی نہیں بھول سکتا، والد کی رقم ملنے کی تصدیق
لائبہ اعجاز کیس، وزیر داخلہ نے والد کو رقم لوٹا دی

ویب ڈیسک

|

21 Oct 2026

اسلام آباد: امریکا میں داخلے کے نام پر فراڈ کا شکار ہونے والی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کے والد کو ان کی رقم واپس مل گئی۔ والد رانا اعجاز نے رقم ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے سانحے کو کبھی نہیں بھول سکتا، تاہم عوام کی حمایت نے حوصلہ دیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے لائبہ اعجاز کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

وزیر داخلہ نے مرحومہ کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی، جبکہ اہل خانہ کو کیس میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لائبہ اعجاز کیس میں متعلقہ ٹیم نے دن رات محنت کی اور اہل خانہ سے کیا گیا وعدہ پورا کرنا ان کا فرض تھا۔

لائبہ کے والد کا حکومت اور پولیس سے اظہار تشکر

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا اعجاز نے وزیراعظم، وزیر داخلہ اور پولیس سمیت تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سنا تھا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، لیکن اب انہیں اس بات کا یقین ہوگیا ہے۔

رانا اعجاز نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے، تاہم پاکستانی عوام کی حمایت انہیں سکون دیتی ہے۔ ان کے مطابق لائبہ بیرون ملک جاکر تعلیم حاصل کرنا اور ملک کی خدمت کرنا چاہتی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے انہیں مسلسل حوصلہ دیا گیا اور حکام نے آگاہ کیا کہ مرکزی ملزم کے خلاف مزید مقدمات بھی سامنے آئے ہیں۔ ان کے بقول ملزم نے مانسہرہ میں بھی بعض لڑکیوں سے رقم لی تھی۔

مرکزی ملزم تفتیش کے دوران فائرنگ سے ہلاک

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے لائبہ اعجاز سے مبینہ فراڈ کے کیس میں مرکزی ملزم نعمان کو ایک خاتون سمیت گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو تفتیش اور برآمدگی کے لیے لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں مسلح افراد نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں نعمان زخمی ہوا اور بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔

لائبہ کے والد کے مطابق فراڈ کے ذریعے حاصل کی گئی ان کی رقم واپس کردی گئی ہے۔ کیس میں دیگر افراد کے کردار اور مزید مقدمات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!