لاہور: اسکوٹی سوار خاتون پر تشدد کے ملزم کی ضمانت منظور
ویب ڈیسک
|
24 Oct 2026
لاہور: مزنگ میں اسکوٹی سوار خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں گرفتار ملزم غلام مصطفیٰ کو عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ اگر ملزم کسی دوسرے فوجداری مقدمے میں مطلوب نہیں ہے تو اسے رہا کردیا جائے۔
دوسری جانب ملزم نے تفتیشی ٹیم کو ابتدائی بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اسے معلوم نہیں تھا کہ اسکوٹی پر خاتون سوار ہے۔ اس کے بقول راستہ نہ دینے پر معاملہ شروع ہوا اور یہ سب غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا۔
ملزم نے اپنے بیان میں بتایا کہ خاتون نے جینز پہن رکھی تھی اور ہیلمٹ بھی لگایا ہوا تھا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ واقعے کے بعد اسے معلوم ہوا کہ اسکوٹی پر خاتون سوار تھی۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک صارف کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے خود اس لڑکی سے بات کی اور اسے کہا کہ اسے اس آدمی کو اتنی ہی بار تھپڑ مارنا چاہیے جتنی بار اس آدمی نے اسے مارا تھا۔‘
مریم نواز نے کہا کہ لڑکی نے کہا کہ اس کے لیے یہی کافی ہے کہ حکومت نے اسے تحفظ اور دیکھ بھال کا احساس دلایا ہے، اور اسے یقین دلایا ہے کہ انصاف اس کے ساتھ ہے۔
Comments
0 comment