2 hours ago
کرپٹو اثاثوں پر بلال بن ثاقب کی مفتی تقی عثمانی سے تعمیری ملاقات، مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق
ویب ڈیسک
|
11 Jul 2026
ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق تشکیل دی گئی ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ ان کی مفتی محمد تقی عثمانی سے کرپٹو اثاثوں اور ان کی شرعی حیثیت کے حوالے سے تفصیلی اور مثبت گفتگو ہوئی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ پاکستانی عوام کو مالی فراڈ، دھوکا دہی اور نقصان سے محفوظ رکھنا سب سے اہم مقصد ہونا چاہیے۔
بلال بن ثاقب کے مطابق انہوں نے ملاقات میں یہ مؤقف پیش کیا کہ بلاک چین، ڈیجیٹل اثاثے، اسٹیبل کوائنز اور حقیقی اثاثوں پر مبنی ٹوکن مختلف نوعیت کی ٹیکنالوجیز اور استعمالات رکھتے ہیں، اس لیے ان سب کا ایک ہی زاویے سے جائزہ لینے کے بجائے ہر معاملے کا الگ الگ تکنیکی اور شرعی بنیادوں پر تفصیلی جائزہ لیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ یہ شعبہ مسلسل ترقی کر رہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ جید علما، متعلقہ ادارے اور ٹیکنالوجی کے ماہرین باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں، تاکہ پاکستان میں اس حوالے سے ایسی پالیسی تشکیل دی جا سکے جو اسلامی اصولوں کے مطابق ہونے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کو بھی مدنظر رکھتی ہو۔
واضح رہے کہ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب مفتی تقی عثمانی نے ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے ایک فتوی جاری کیا جس میں انہوں نے اس کو ناجائز قرار دیا تھا۔
فتوی میں لکھا گیا تھا کہ اس کرنسی کی کوئی ظاہری شکل نہیں ہے اس وجہ سے ابہام پایا جاتا ہے۔
Comments
0 comment