کراچی سے گرفتار را ایجنٹ کو 114 سال قید کی سزا

ویب ڈیسک
|
25 Sep 2025
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بھارتی خفیہ ایجنسی را (RAW) کے مبینہ ایجنٹ کو دھماکا خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں 114 سال قید اور ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزم سلیم کو کراچی کے ماری پور علاقے سے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) نے گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے ہینڈ گرینیڈ، آوان راکٹ، لانچر اور دیگر غیر قانونی ہتھیار برآمد کیے گئے تھے۔
تحقیقات کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس کے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تعلقات ہیں اور وہ 2012 سے 2014 کے دوران تین بار بھارت بھی جا چکا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ سلیم پہلی بار 1989 میں غیر قانونی طور پر بھارت سے پاکستان داخل ہوا اور بعد میں جعلی کاغذات کے ذریعے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوائے۔ اس کے قبضے سے چار پاکستانی پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے۔
تفتیشی افسران کے مطابق گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ پاکستان آنے سے قبل وہ بھارتی ریاست گجرات کے شہر بھُج میں رکشہ چلایا کرتا تھا۔
عدالت نے ملزم کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے اسے جیل منتقل کرنے کا حکم دیدیا۔
Comments
0 comment