پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ کا آغاز

ویب ڈیسک
|
27 Sep 2025
پاکستان میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وائی فائی 7 کے لیے 6 گیگا ہرٹز بینڈ (5925–6425 MHz) کے استعمال کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام نہ صرف وائی فائی 7 بلکہ آئندہ آنے والی جدید ٹیکنالوجیز کے لیے بھی بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور یہ فیصلہ پہلے سے موجود وائی فائی 6 ای کے معیار کے عین مطابق ہے۔
اس پیش رفت کے بعد پاکستان ایشیا پیسیفک کے ان چند ممالک میں شامل ہوگیا ہے جو اس نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے والے اولین ملک ہیں۔ وائی فائی 7 انتہائی تیز ڈیٹا اسپیڈز، کم سے کم لیٹنسی اور زیادہ پائیدار کارکردگی فراہم کرتا ہے، جس سے براڈ بینڈ کے اخراجات میں کمی اور سروس کی معیاری فراہمی ممکن ہوگی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے گھریلو صارفین، تعلیمی اداروں، اسپتالوں، چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کے ساتھ ساتھ اسمارٹ سٹی منصوبوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ فیصلہ ملک میں ڈیجیٹل گیپ کم کرنے اور پاکستان کو ایک جدید، محفوظ اور مضبوط ڈیجیٹل معیشت کی طرف تیزی سے بڑھانے کی غمازی کرتا ہے۔
Comments
0 comment