بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے 3 آپریشنز میں 8 دہشت گرد ہلاک
Webdesk
|
18 Oct 2026
کوئٹہ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے 3 آپریشنز میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 17 اکتوبر کو کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں دہشت گردوں نے مقامی ٹریفک کی آمدورفت متاثر کرنے کے لیے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔
کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ نوشکی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتا لگا کر کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
خضدار میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
کارروائی کے دوران 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیرداخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قوم دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Comments
0 comment