16 hours ago
سندھ میں سیلاب کا خطرہ، لاکھوں افراد اور مویشیوں کا انخلا

ویب ڈیسک
|
6 Sep 2025
کراچی: سندھ میں ڈیموں اور بیراجوں پر پانی کے اتار چڑھاؤ کے باوجود صوبائی حکومت مکمل الرٹ ہے اور عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ کچے کے علاقوں سے اب تک 121,769 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جن میں سے 12,449 کی منتقلی گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے پیش نظر 360,777 مویشیوں کو بھی بچا لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، حکومت سندھ کی جانب سے قائم کردہ 155 ہیلتھ کیمپس میں 33,803 متاثرین کو علاج فراہم کیا گیا ہے۔
شرجیل میمن کے مطابق، بیراجوں پر پانی کی آمد و اخراج کی صورتحال مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے۔ تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم 87 فیصد تک بھر چکا ہے۔ جبکہ گڈو، سکھر، اور کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے پی ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کی مدد سے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کو تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں مزید 22 کشتیاں مختلف اضلاع میں بھیجی گئی ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
شرجیل میمن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت اپنے عوام کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔
Comments
0 comment