17 hours ago
سندھ میں خواتین جو مفت الیکٹریکل اسکوٹر دینے کا سلسلہ رواں ہفتے شروع ہوگا

ویب ڈیسک
|
23 Sep 2025
سندھ حکومت اس ہفتے خواتین اور طالبات میں مفت برقی (الیکٹرک) اسکوٹروں کی تقسیم شروع کرے گی۔ یہ اقدام ’’پِنک اسکوٹرز پروگرام‘‘ کے تحت کیا جا رہا ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد زمین، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی منیجنگ ڈائریکٹر کنول بھٹو اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
شرجیل میمن نے اجلاس میں کہا کہ یہ اقدام خواتین کی نقل و حرکت کو آسان بنانے، سفری اخراجات کم کرنے اور طالبات و ملازمت پیشہ خواتین کے لیے محفوظ اور باوقار ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’یہ انقلابی قدم وقت کی بچت کرے گا اور خواتین کو بااختیار بنائے گا جو تعلیم، ملازمت اور دیگر ضروریات کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتی ہیں۔‘
مزید کہا گیا کہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی درخواست گزار خواتین کا ڈیٹا حتمی شکل دے رہی ہے اور اسکوٹرز شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار کے تحت تقسیم کیے جائیں گے۔ حکومت نے ایک سادہ اور منصفانہ نظام بنایا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں۔
شرجیل میمن نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ ان کے مطابق یہ اقدام صوبائی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے خواتین کے بااختیار بنانے اور انہیں تعلیم، روزگار اور سماجی زندگی میں برابری کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
Comments
0 comment