نعمان اعجاز کے نئے ڈرامے شرپسند کا ٹیزر جاری

Webdesk
|
22 Sep 2025
لاہور : مقبول اداکار نعمان اعجاز کے نئے ڈرامے شرپسند کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے، جس میں وہ منفی کردار میں نظر آئیں گے۔
نعمان اعجاز جلد ہی اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈراما سیریل شرپسند میں نظر آئیں گے۔ان کا شمار انڈسٹری کے ایسے اداکاروں میں ہوتا ہے جو ڈرامے میں کم وقت میں بھی ایسی اداکاری کرتے ہیں جو ناظرین کے ذہنوں میں طویل عرصے تک محفوظ رہ جاتی ہے۔
حال ہی میں نعمان اعجاز کے نئے ڈرامے کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے، جس میں بظاہر ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ ان کا کردار منفی نوعیت کا ہوگا۔
ٹیزر میں نعمان اعجاز شرپسند کردار کا تعارف یوں کروا رہے ہیں کہ شرپسند وہ نہیں ہوتا جو شور مچائے، بلکہ وہ ہوتا ہے جو خاموشی سے دلوں میں دراڑ ڈال دے، اس کے چہرے پر مسکراہٹ، مگر نیت میں زہر چھپا ہوتا ہے اور ضروری نہیں کہ کھلی آنکھوں سے جو دیکھا جائے وہی سچ ہو، کبھی کبھی فراست کا دکھایا ہوا بھی سچ ہوتا ہے۔
ٹیزر میں نعمان اعجاز کے چہرے پر شیطانی مسکراہٹ بھی دکھائی گئی ہے، جب کہ ڈرامے کے عنوان سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنے کردار کے ذریعے لوگوں کو اپنے اشاروں پر نچاتے ہوئے نظر آئیں گے۔
ڈرامے کی کاسٹ میں حریم فاروق، عفان وحید، حرا مانی، نادیہ افگن، ثمینہ احمد اور دیگر شامل ہیں۔شرپسند کی کہانی سارہ صادق نے لکھی ہے، جب کہ اس کی ہدایتکاری احسن طلیش نے کی ہے۔
فی الحال ڈرامے کی ریلیز تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم امید کی جا رہی ہے کہ یہ جلد منظر عام پر آئے گا۔
Comments
0 comment