15 hours ago
پاکستانی نوجوان نے اپنی مدد آپ کے تحت ہیلی کاپٹر تیار کرلیا
ویب ڈیسک
|
2 Sep 2026
خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے نوجوان سبحان اللہ نے محدود وسائل کے باوجود چھ سال کی مسلسل محنت کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت ہیلی کاپٹر تیار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق باجوڑ سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے مشکلات اور مالی وسائل کی کمی کے باوجود سبحان اللہ نے اپنے شوق کو عملی شکل دینے کے لیے مختلف مراحل میں کام کیا۔ بچپن سے مشینری میں دلچسپی رکھنے والے سبحان اللہ نے ابتدا میں موٹر سائیکل مکینک کا کام سیکھا، جس سے انہیں مشینی آلات کو سمجھنے میں مدد ملی۔
سبحان اللہ کا تعلق محنت کش خاندان سے ہے۔ وہ روزگار کے لیے سیزن میں پنجاب جاکر چپل فروخت کرتے ہیں جبکہ دیگر دنوں میں دیہاڑی مزدوری کرکے گھر کے اخراجات پورے کرتے ہیں۔ ہیلی کاپٹر کی تیاری کے لیے درکار پرزوں اور سامان کے حصول کی خاطر انہیں لاہور، تیمرگرہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں کا سفر بھی کرنا پڑا۔
نوجوان کے مطابق اس منصوبے میں ان کے اہل خانہ نے بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر انہیں حکومتی تعاون اور مناسب سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ مستقبل میں مزید جدید منصوبوں پر کام کرسکتے ہیں۔
سبحان اللہ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے 6 ستمبر کو باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں ہیلی کاپٹر کا آزمائشی مظاہرہ کرنے کا موقع دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ کامیاب تجربے کی صورت میں اسے اڑانے کی اجازت بھی دی جائے گی۔
نوجوان کا دعویٰ ہے کہ چھ سال کے تجربے کے بعد وہ اسی نوعیت کا دوسرا ہیلی کاپٹر بہت کم وقت، حتیٰ کہ ایک ہفتے میں تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اب ان کی نظریں 6 ستمبر کے آزمائشی مظاہرے پر ہیں۔
Comments
0 comment