مائیکروسافٹ نے اسرائیل کو ٹیکنالوجی کی رسائی روک دی

ویب ڈیسک
|
26 Sep 2025
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی فوج کی اس خفیہ انٹیلیجنس یونٹ کی رسائی بند کر دی ہے جو فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر نگرانی کے لیے اس کی ٹیکنالوجی استعمال کر رہا تھا۔
برطانوی اخبار گارڈین کی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا یونٹ 8200 مائیکروسافٹ کے ایژور کلاؤڈ پلیٹ فارم پر غزہ کے شہریوں کی ذاتی معلومات اور روزانہ کی ٹیلی فون کالز کا ڈیٹا محفوظ کر رہا تھا۔
مائیکروسافٹ کے صدر بریڈ اسمتھ نے بتایا کہ کمپنی نے اپنی سروسز اس وقت بند کیں جب یہ ثابت ہوا کہ اسرائیلی یونٹ نے کلاؤڈ اور اے آئی ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کیا ہے، جو کمپنی کی پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔
گارڈین کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ مائیکروسافٹ کی پابندی کے بعد اسرائیل نے تقریباً 8 ہزار ٹیرا بائٹس کا ڈیٹا، جو نیدرلینڈز کے ڈیٹا سینٹر میں موجود تھا، دوسری جگہ منتقل کر دیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنی نے فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزی پر اسرائیلی فوج کے خلاف براہِ راست اقدام اٹھایا ہے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق کمپنی کو اپنے ملازمین اور سرمایہ کاروں کی طرف سے بھی دباؤ کا سامنا تھا جو اسرائیلی فوجی آپریشنز کے ساتھ ٹیکنالوجی کے تعاون پر تشویش کا اظہار کر رہے تھے۔
بریڈ اسمتھ نے اپنے عملے کو بھیجے گئے ایک داخلی ای میل میں کہا کہ “ہم کسی بھی ملک میں عام شہریوں کی بڑے پیمانے پر نگرانی کے لیے ٹیکنالوجی فراہم نہیں کرتے۔ یہ اصول ہم نے گزشتہ دو دہائیوں سے ہر جگہ پر اپنایا ہے اور ہمیشہ اس پر زور دیا ہے۔”
Comments
0 comment