کولمبیا کا مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھل گیا، پاکستان سمیت 19 ممالک کی مذمت

کولمبیا کا مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھل گیا، پاکستان سمیت 19 ممالک کی مذمت

تمام ممالک کا کولمبیا سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ
کولمبیا کا مقبوضہ  بیت المقدس میں سفارت خانہ کھل گیا، پاکستان سمیت 19 ممالک کی مذمت

ویب ڈیسک

|

16 Oct 2026

پاکستان سمیت 18 ممالک نے کولمبیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا فیصلہ واپس لے، کیونکہ اس اقدام سے عالمی قراردادوں کی خلاف ورزی اور فلسطین کے دو ریاستی حل کی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جمعے کو جاری مشترکہ بیان میں ان ممالک کے وزرائے خارجہ نے کولمبیا کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے یا شہر کی حیثیت تبدیل کرنے کے یک طرفہ اقدامات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

بیان کی حمایت کرنے والے ممالک میں پاکستان کے علاوہ مصر، فلسطین، ترکیہ، جبوتی، لبنان، لیبیا، یمن، قطر، اردن، صومالیہ، ملائیشیا، انڈونیشیا، سعودی عرب، کویت، الجزائر، عمان، شام اور سوڈان شامل ہیں۔

مشترکہ بیان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 1980 میں منظور ہونے والی قراردادوں 476 اور 478 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ قراردادیں بیت المقدس کی حیثیت اور شناخت تبدیل کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتی ہیں اور ممالک سے شہر میں قائم اپنے سفارتی مشنز واپس بلانے کا مطالبہ کرتی ہیں۔

وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ مشرقی بیت المقدس 1967 سے مقبوضہ فلسطینی علاقے کا حصہ ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے لیے ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ بھی کیا، جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔

بیان میں کولمبیا کی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرکے اسے واپس لے اور عالمی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا احترام کرے۔ وزرائے خارجہ کے مطابق ایسے اقدامات سے گریز ضروری ہے جو فلسطینیوں کے حقوق اور دو ریاستی حل کے ذریعے پائیدار امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!