پاکستانی ٹیم کا انعامی رقم بھارتی حملے کے متاثرین کو دینے کا اعلان

ویب ڈیسک
|
29 Sep 2025
دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیا کپ کے فائنل کی اپنی پوری میچ فیس بھارتی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے شہریوں اور بچوں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کپتان سلمان علی آغا نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی یہ قربانی متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔
انہوں نے میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہار کسی ایک کھلاڑی کی وجہ سے نہیں ہوئی۔ "حارث رؤف آج اچھا بولنگ نہیں کر پائے لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے۔ ہمارے فاسٹ بولرز نے شروعات میں اچھی کارکردگی دکھائی، اگر بیٹنگ کے آخر میں ہم بہتر کھیلتے تو 170 رنز بنا سکتے تھے۔"
کپتان نے نوجوان بیٹر احسن نواز کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے انہیں "سفید گیند کرکٹ کا مستقبل کا ستارہ" قرار دیا۔
سلمان علی آغا نے بھارت کے رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا: "میں نے اپنی زندگی میں ایسا کبھی نہیں دیکھا کہ ٹرافی دینے کے عمل کو متنازع بنایا جائے۔ اے سی سی صدر چاہے کوئی بھی ہو، ٹرافی انہی کے ہاتھ سے دی جاتی ہے۔ لیکن بھارت نے ہاتھ نہ ملانا اور محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر کے کھیل کے وقار کو مجروح کیا ہے۔"
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسی روش جاری رہی تو یہ خطرناک مثال قائم کرے گی۔ "کھلاڑی رول ماڈل ہوتے ہیں، اگر وہ ایسا رویہ اپنائیں گے تو بچوں کو کیا پیغام جائے گا جو ہمیں دیکھتے ہیں؟"
پریس کانفرنس کے اختتام پر سلمان علی آغا نے اعلان کیا کہ"ہم اپنی میچ فیس ان معصوم شہریوں اور بچوں کے نام کر رہے ہیں جو بھارتی حملے میں شہید ہوئے۔"
Comments
0 comment