1 hour ago
ڈاکٹر آکاش قتل کیس کے 3 ملزمان گرفتار
ویب ڈیسک
|
15 Jul 2026
کراچی پولیس نے فریئر کے علاقے میں بینک کے باہر ڈکیتی کے دوران ڈاکٹر کو قتل کرنے کے مقدمے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر اور دیگر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے صرف 36 گھنٹوں کے اندر ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول ڈاکٹر آکاش بینک پہنچے تھے کہ پہلے سے موجود ملزمان نے انہیں نشانہ بنایا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک ملزم نے پہلے علاقے کی ریکی کی اور اپنے ساتھیوں کو اطلاع دی، جس کے بعد واردات کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان تک پہنچنے کے لیے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا گیا۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ واردات میں دو موٹر سائیکلوں اور ایک گاڑی کا استعمال کیا گیا، جبکہ تین ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کو ڈیفنس تھانے کی حدود سے گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے لوٹی گئی رقم کا کچھ حصہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی رقم کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے کلفٹن میں ایک بینک کے باہر ڈکیتی کے دوران ڈاکٹر آکاش کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان تقریباً 25 لاکھ روپے لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے، جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
Comments
0 comment