5 hours ago
ڈیفنس میں بہن بھائی پر تشدد، ایس ایس پی کورنگی بھی ذمہ دار قرار
ویب ڈیسک
|
4 Sep 2026
ڈی ایچ اے میں بہن بھائی پر تشدد کا معاملے کی ، تحقیقاتی رپورٹ میں ایس ایس پی کورنگی سمیت متعدد اہلکار ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
کراچی: ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں بااثر خاتون کی جانب سے بہن بھائی پر مبینہ تشدد کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرکے آئی جی سندھ کو ارسال کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے واقعے میں ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری کو بھی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاملے میں ایس ایس پی کورنگی کی جانب سے انتظامی غفلت برتی گئی۔
تحقیقاتی رپورٹ میں ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 کے تحت فدا جانوری کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاندان کے خلاف درج مقدمہ بی کلاس یعنی خارج کردیا گیا ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ کورنگی کے 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او درخشاں راشد علی، تفتیشی افسر عمران اور پولیس موبائل افسر آفتاب منگی کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی نے متاثرہ خاندان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ رپورٹ میں ویڈیو میں متاثرہ خاندان پر تشدد کرتے نظر آنے والی دو خواتین اور ایک مرد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں متاثرہ خاندان پر تشدد کرنے والے افراد ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری کے قریبی رشتہ دار ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے واقعے کی شفاف تحقیقات کی ہیں اور رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
Comments
0 comment