شکیل صدیقی نے بگ باس میں شرکت سے انکار کیوں کیا؟

ویب ڈیسک
|
22 Sep 2025
پاکستان کے معروف کامیڈین شکیل صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارت کے مقبول ریئلٹی شو بگ باس میں شرکت کی پیشکش ہوئی تھی، تاہم انہوں نے یہ پیشکش مسترد کر دی۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شکیل صدیقی نے بتایا کہ بگ باس کی ٹیم نے انہیں اصرار کے ساتھ شو میں شامل ہونے کی دعوت دی اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام مطالبات پورے کیے جائیں گے۔ حتیٰ کہ انتظامیہ ان سے ملاقات کے لیے دبئی بھی پہنچی۔
شکیل نے کہا کہ شو کے منتظمین نے وعدہ کیا تھا کہ وہ شو میں آزادانہ طور پر اپنی فطرت کے مطابق رہ سکیں گے اور کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالا جائے گا۔ تاہم ان کی سب سے بڑی تشویش یہ تھی کہ وہ شو میں واحد پاکستانی ہوتے، جس کی وجہ سے تنازعات پیدا ہوسکتے تھے۔
ان کے مطابق انتظامیہ نے کھلے لفظوں میں اعتراف کیا کہ وہ ایسے ہی تنازعات اور اختلافات چاہتے ہیں تاکہ شو کی شہرت بڑھے۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے بگ باس میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔
شکیل صدیقی نے مزید کہا کہ انہیں پاکستان کے ریئلٹی شو تماشا میں بھی شرکت کی دعوت ملی تھی لیکن وہاں بھی زیادہ تر سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی موجودگی کے باعث انہوں نے شرکت سے گریز کیا۔
کامیڈین نے کہا کہ وہ اپنی پہچان صرف اپنی صلاحیت اور فن سے بنانا چاہتے ہیں، نہ کہ کسی تنازعے کی وجہ سے۔
Comments
0 comment