رواں سال لندن میں بانی ایم کیو ایم سے ملاقات کرنے والی معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ کے حوالے سے خبریں زیر گردش تھیں کہ انہیں متحدہ لندن نے رابطہ کمیٹی میں شامل کر کے اہم عہدہ دے دیا ہے۔
ایک روز قبل پریس ریلیز کی صورت میں سامنے آنے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ کے حوالے سے لندن رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں انہیں متحدہ لندن کی رابطہ کمیٹی کا سینئیر ڈپٹی کنوینر مقرر کردیا گیا اور اس فیصلے کی بانی نے بھی توثیق کردی ہے۔
پریس ریلیز میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ حریم شاہ جلد پاکستان پہنچ کرالطاف حسین کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی ختم کرانے کی مہم شروع کرینگی۔
بتایا گیا تھا کہ حریم شاہ نے اجلاس سے اپنے خطاب میں سینئیر ڈپٹی کنوینر مقرر کئے جانے پر الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ذمہ داری انکے لئے بہت بڑا اعزاز ہے اور وہ بھرپور کوشش کریں گی کہ الطاف حسین کی توقعات پر پورا اترسکیں۔ ساتھ یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ حریم شاہ نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ وہ وہ جلد ہی پاکستان واپس جاکر اہم سیاسی و عسکری شخصیات سے ملاقاتیں کرکے الطاف حسین کی سیاسی سرگرمیوں و خطابات پر عائد پابندیوں کے خاتمہ کی کوشش کرینگی۔ اس کے لیے وہ اہم شخصیات سے اپنے ذاتی مراسم کی بنیاد پر یقین ہے کہ انکی محنتیں و کوششیں بار آور ہوں گی۔
اس پریس ریلیز کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایم کیو ایم لندن کے حامیوں نے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، جب ہم نے اس ضمن میں ایم کیو ایم لندن قیادت سے رابطہ کیا تو گزشتہ روز کوئی جواب نہیں مل سکا۔
تاہم کئی گھنٹوں کے بعد ایم کیو ایم لندن کے ترجمان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کی ایم کیوایم میں شمولیت کی خبرمیں کوئی صداقت نہیں ہے، کارکنان وعوام سوشل میڈیاپر پھیلائی جانے والی افواہوں اور فیک نیوز پرہرگز کان نہ دھریں۔
ایم کیو ایم لندن کے حامیوں نے وضاحت آنے کے بعد اس خبر کو وائرل کرنے اور تیار کرنے کا الزام ایم کیو ایم پاکستان پر عائد کیا تاہم ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت اس بات کو یکسر مسترد کرچکی ہے۔
?>