کراچی: گرین لائن بس پروجیکٹ کے لیے مزید 40 بسیں کراچی پہنچ گئی ہیں۔
گرین لائن بس پروجیکٹ کے لیے بسوں کو لانے والا جہاز بروز بدھ کو کراچی پورٹ کے برتھ نمبر 10 پر لنگر انداز ہوا جبکہ اس سے قبل 19 ستمبر کو 40 بسیں کراچی پہنچائی گئی تھیں جس کے بعد اکتوبر میں اس سروس کو شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گرین لائن منصوبے کے پہلے مرحلے میں بسوں کو سرجانی ٹاون سے نمائش چورنگی تک چلایا جائے گا اور گرین لائن بسیں مکمل ایئر کنڈیشنڈ ہوں گی جن میں 200 سے 250 افراد کے بیٹھنے کی جگہ ہوں گی جبکہ بس میں خواتین اور معذور افراد کے لیے بھی خصوصی نشستیں رکھی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں گرین لائن کے بعد اب ہائبرڈ بسیں بھی دوڑیں گی
چند دن قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سرجانی ٹاون سے حیدری تک گرین لائن بس کا آزمائشی سفر کیا تھا جبکہ ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے دیگر ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبے کی مزید 40 بسیں 13 اکتوبر تک کراچی پہنچ جائیں گی جبکہ اس موقع پر انہوں سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 13 سال سے تاریخیں دینے والے بتائیں کہ ان کی بسیں کب پہنچ رہی ہیں۔
دوسری جانب شہر قائد کی سڑکوں پر جلد 250 ڈیزل ہائبرڈ بسیں دوڑیں گی جن کی خریداری کے لیے تمام مراحل مکمل کرلئے گئے ہیں، پہلے مرحلے میں کراچی کے 7 روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی، انٹرا سٹی بس منصوبے کے لیے فنڈز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کی گرین لائن بس پروجیکٹ پر خصوصی رپورٹ
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ این آر ٹی سی اورترکی کی کمپنی کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے پر کام کرے گی جس کے لیے ترکی کی کمپنی کے نمائندے کراچی پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے یوپی موڑ بس ڈپو کا بھی دورہ کیا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کا کہنا تھا کہ ترکش کمپنی نےمختلف بس روٹس کا بھی معائنہ کیا جبکہ 250 ڈیزل ہائبرڈ بسیں آئندہ 4 ماہ میں کراچی پہنچ جائیں گی جبکہ مجموعی طور پر 300 بس اسٹاپ بنیں گے اور 4 بس ڈپو آپریشنز چلانے کے لیے دیئے جائیں گے۔
?>