کراچی: کشمور واقعے کے ملزمان کو پکڑنے والے اے ایس آئی محمد بخش کا تبادلہ کراچی ٹریننگ برانچ میں کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کشمور واقعے کے اے ایس آئی محمد بخش اب کراچی میں اہلکاروں کو ٹریننگ دیں گے کیونکہ انکا تبادلہ کراچی ٹریننگ برانچ میں کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سندھ کے علاقے کشمور میں خاتون اور اس کی بچی سے ریپ کرنے والے ملزمان کو اے ایس آئی محمد بخش نے اپنی اور اپنی بیٹی کی جان خطرے میں ڈال کر گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کی رہائشی تبسم بی بی کو نوکری کا جھانسہ دے کر سندھ کے علاقے کشمور لے جایا گیا جہاں اس کی 4 سالہ معصوم بچی علیشا اور اسے 2 ہفتوں تک جنسی درندوں نے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور بعد ازاں تبسم کو درندوں نے اس شرط پر چھوڑ دیا کہ وہ کسی دوسری لڑکی کا بندوبست کرکے آئے۔
جس کے بعد وہ مقامی پولیس کے پاس چلی گئی جہاں کشمور پولیس کے اے ایس آئی محمد بخش نے معصوم بچی کی رہائی کے بدلے اپنی بیٹی کی جان خطرے میں ڈال دی اور تبسم سے کہا کہ انہیں بولے کہ لڑکی کا بندوبست ہوگیا ہے اور ثبوت کے طور پر اپنی بیٹی کی ملزمان سے بات بھی کروائی تھی۔
پولیس نے تبسم کے ساتھ مل کر اس مکان پر چھاپہ مارا اور علیشا کو بازیاب کرواتے ہوئے ایک ملزم رفیق کو گرفتار کرلیا تھا جس کے بعد پولیس مرکزی ملزم رفیق کو لے کر ایک اور ملزم کی شناخت و گرفتاری کے لیے پہنچی تو پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی تھی جس میں ملزم رفیق ملک شدید زخمی ہونے کے بعد جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ زیادتی میں ملوث دوسرے ملزم خیر اللہ بگٹی کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
محمد بخش اور انکے اہلخانہ کے اعزاز میں دو ہفتے قبل کراچی سینٹرل پولیس آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جبکہ محمد بخش کو ستارہ شجاعت اور ان کی بیٹی ریشما کو ستارہ امتیاز دیا جائے گا۔