صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقہ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف پولیس کے کریک ڈاؤن کے دوران فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کانسٹیبل کمال احمد کو ماڈل ٹاؤن میں تعینات کیا گیا تھا اس دوران ماڈل ٹاون سی بلاک 112 میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنماء ساجد بخاری کے گھر کریک ڈاؤن کیا گیا ، کریک ڈاؤن کے دروان چھت سے فائر کیا گیا ، کانسٹیبل کمال احمد کو سینے پر گولی لگی، زخمی کانسٹیبل کو طبی امداد کے لیے لاہور جنرل ہستپال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا ۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کا اسلام آباد مارچ روکنے کیلئے پنجاب میں پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کیخلاف کریک ڈاون شروع کر دیا گیا ہے ۔
پنجاب پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کیلئے فہرستیں تیار کی گئی ہیں جس کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف کے کئی مقامی رہنما اور کارکنان گرفتار کر لیے گئے ، پنجاب پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے سینئر رہنماوں کی گرفتاریوں کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
?>