کراچی: شہر کے 4 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن جبکہ 2 اضلاع میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ۔
ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرز ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور سیکرٹری ہیلتھ کاظم جتوئی نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں کورونا کی موجودہ صورتحال اور اور ضابطہ کار کے حوالے سے عملدرآمد کے حوالے سے غور کیا گیا۔
کمشنر کراچی کے مطابق ضلع جنوبی، شرقی، وسطی اور غربی کے ڈپٹی کمشنرز اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کل تک جاری کردیں گے جبکہ ضلع کورنگی اور ملیر میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نافذ ہوگیا۔
افتخار شلوانی کا کہنا ہے کہ مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ میں محکمہ صحت کی سفارش پر مخصوص گلیوں، علاقوں اور محلوں کو سیل کریں گے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز اور ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 2 ہزار 738 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 562 ہوگئی جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 68 ہزار 665 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب کورونا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 36 اموات ریکارڈ کی گئی جس کے بعد کورونا میں مبتلا مجموعی اموات کی تعداد 7 ہزار 561 ہوگئی ہے۔