کراچی: کورونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر پولیس نے زینب مارکیٹ سمیت شہر کی کئی بڑی مارکیٹوں کو سیل کردیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلان کے بعد ملک بھر میں کاروباری مراکز کھل چکے ہیں۔ گزشتہ دو روز کے دوران بھی بازاروں میں حکومت کی جانب سے طے کردہ ضابطہ کار پر عمل درآمد دیکھنے میں نہیں آیا تھا تاہم اب کراچی میں پولیس نے خلاف ورزی پر مارکیٹیں سیل کرنا شروع کردی ہیں۔
صدر میں واقع زینب مارکیٹ اور مدینہ سٹی مال میں ضلعی انتظامیہ نے چھاپہ مارا اور حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر مارکیٹوں کو سیل کردیا۔ زینب مارکیٹ کے علاوہ وکٹوریہ مارکیٹ، انٹرنیشنل مارکیٹ، گُل پلازہ اور ارحم شاپنگ سینٹر کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنرگارڈن اسماء بتول کے مطابق دکانداروں نے سینیٹائزر نہیں رکھے تھے اور نہ ہی ماسک اورگلووز پہنے تھے۔ دوسری جانب مارکیٹیں سیل کرنے پر تاجروں نے احتجاج بھی کیا اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔