بھارتی ریاست اترپردیش کے اسپتال میں پیش آنے والے اس دلخراش واقع نے کھلبلی مچادی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع سنبھل میں ایک دلخراش واقع پیش آیا جہاں ایک کتا ڈسٹرکٹ اسپتال میں اسٹریچر پر رکھی مردہ بچی کی لاش کو نوچ رہا ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے کے بعد کھلبلی مچ گئی ہے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اسپتال انتظامیہ اور ضلع کی حکومت سمیت اسپتال عملے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
بچی کے والد چرن سنگھ کا کہنا ہے کہ بچی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوئی تھی جس کے بعد ہم نے اسے اسپتال پہنچایا جہاں اسپتال عملے نے بچی کی لاش اسٹریچر پر رکھ کر اسے اسپتال کے احاطے میں رکھ دیا۔
بچی کے والد نے کہا کہ میں گھر والوں کو اطلاع دینے کچھ وقت کے لیے باہر گیا تھا جب اسپتال واپس پہنچا تو یہ منظر دیکھ کر میری چیخیں نکل گئی تھی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ اسپتال میں کھلبلی مچ گئی اور ضلعی صحت ڈیپارٹمنٹ سی ایم او امیتا سنگھ نے معاملے کو سنجیدگی س لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ یہ رواں ماہ کا دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل بھی ایک جنگلی جانور نے پوسٹ مارٹم وارڈ میں رکھی ہوئی مردہ بچی کی ناک نوچ لی تھی۔