کراچی: پی ایس ایل سیزن میں کامیاب ہونے والی ٹیم کراچی کنگز نے اپنی جیت ڈین جونز اور شہر کراچی کے نام کردی ہے۔
پی ایس ایل سیزن 5 کی فاتح ٹیم کراچی کنگز کے صدر اور کوچ وسیم اکرم، کپتان عماد وسیم اور ٹیم کی انتظامیہ نے اپنی فتح آنجیانی ہیڈ کوچ ڈین جونز کے نام کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویبسائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا تھا پی ایس ایل پر ملنے والی فتح پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور جیت کو آنجہانی ہیڈ کوچ ڈین جونز کے نام کرتے ہیں۔
اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ! کراچی کنگز پی ایس ایل سیزن 5 کا فائنل جیت کر چیمپئن بن گئی ہے، میں اپنی پوری ٹیم، کوچ وسیم اکرم اور کپتان عماد وسیم کا شکر گزار ہوں جن کہ وجہ سے یہ سب ممکن ہوا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 5 کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں کراچی کنگز نے باآسانی لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔
کراچی کنگز کے کھلاڑی بابر اعظم کو فائنل میں نصف سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ اور ایونٹ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر مین آف دی سیریز سے نوازا گیا۔