ہرنائی: ہرنائی وگردونواح میں زلزلے آنے کے بعد پاک فوج سمیت مختلف ادارے زلزلہ متاثرین کی مدد کےلئے ہرنائی پہنچ گئے ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے پاک فوج سمیت مختلف ادارے مدد کو پہنچ گئے ہیں، متاثرین کی بحالی کے ساتھ ساتھ زلزلہ متاثرین کا علاج و معالجہ کےلئے فری میڈیکل کیمپ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
محکمہ صحت نے انڈس اسپتال کے تعاون سے زنانہ اسپتال ہرنائی میں موبائل میڈیکل کیمپ لگایا ہوا ہے جبکہ خواتین کے لئے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ میں لیڈی ڈاکٹرز مریضوں کا معائنہ کررہے ہیں۔
دوسری جانب کمشنر سبی ڈویژن بالاچ عزیز اور ڈپٹی کمشنر ہرنائی کی نگرانی میں زلزلے سے متاثرہ مختلف علاقوں کو امدادی سامان روانہ کردیا ہے۔
کمشنر سبی ڈویژن بالاچ عزیز کا کہنا ہے کہ ضلع ہرنائی زلزلہ متاثرین میں امدادی سامان کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، ضلع بھرمیں پاک فوج اور سول انتظامیہ مل کر زلزلہ متاثرین کے سروے کرکے انہیں امدادی سامان فراہم کررہے ہیں۔