کابل،اسلام آباد: وزیرمملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر کی قیادت میں پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد نے افغانستان کا دورہ کیا ہے۔وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر کا کابل ایئرپورٹ پر پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیاگیا۔
افغان عبوری نائب وزیر اقتصادیات عبد الطیف نظاری نے خوش آمدید کہا،افغانستان میں پاکستانی سفیر عبید الرحمان نظامانی بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
حنا ربانی کھر نے ایک روزہ دورہ کابل میں افغان حکمران طالبان کی قیادت سے سیکیورٹی مسائل اور معاشی تعاون سمیت وسیع پیمانے پر مذاکرات کیے۔
رواں برس وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت کے قیام کے بعد کسی وزیر کا پہلا دورہ کابل ہے۔دفترخارجہ نے بیان میں کہا کہ حنا ربانی کھر نے دورے میں افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے کابل میں پہنچنے کے فوری بعد ملاقات کی جہاں افغانستان کیلئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی وفد کے ہمراہ تھے۔
افغان عہدیدار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان مشترکہ مفادات کا جائزہ لینے اور پیش رفت کیلئے مسائل کا مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے کیلئے ایک نیا میکنیزم متعارف کرانے پر اتفاق کرلیا ۔
افغان وزارت خارجہ کے نائب ترجمان حافظ ضیا تکل نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ دونوں فریقین نے مسائل کے مثبت اور تعمیری حل نکالنے پر بھی اتفاق کر لیا ۔
نائب ترجمان نے کہا کہ وزیرخارجہ امیر خان متقی نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات عوام اور خطے کیلئے اہم قرار دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امیرخان متقی نے پاکستان میں قید افغان شہریوں کی رہائی، سرحد پر آمد و رفت کیلئے مسافروں کو سہولت دینے اور تجارت اور ٹرانزٹ میں مدد کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا۔امیر خان متقی نے پاکستان میں افغان قیدیوں کی رہائی، سرحد پار نقل و حرکت میں مسافروں کو سہولیات، تجارت اور راہداری میں پیشرفت سے متعلق مسائل اٹھائے۔۔ترجمان نے کہا کہ پاکستانی وفد نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کو مزید آسان بنانے کیلئے اقدامات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حناربانی کھرنے افغان عبوری نائب وزیراعظم ملاعبدالسلام حنفی سے ملاقات کی،افغان وزیرمعدنیات اورپٹرولیم شہاب الدین دلاوربھی موجودتھے۔
وزیرمملکت برائے امور خارجہ نے افغان وزیرتجارت حاجی نورالدین عزیزی کوبھی ملیں،ملاقات میں پاک افغان تجارت،اقتصادی تعلقات،راہداری اوررابطوں پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیر مملکت حنا ربانی کھر نےظہرانے پر ویمن چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات کی۔طالبان حکومت آنے کے بعد حنا ربانی کھر طالبان کے دور میں افغانستان کا دورہ کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون رہنما ہیں۔ حنا ربانی کھرکابل میں اہم ملاقاتوں کے بعداسلام آبادواپس پہنچ گئیں۔
?>