اسلام آباد: این ڈی ایم اے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ پچاس ہزار ٹیسٹ روزانہ کی صلاحیت حاصل کرلی ہے، اگلے ہفتے سے اتنی بڑی تعداد میں کورونا ٹیسٹ کا آغاز کردیں گے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ہونے والےا جلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ملک کے تمام متعلقہ اداروں کوکورونا ٹیسٹنگ کٹس فراہم کی جائیں گی تاکہ ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے صرف ان لوگوں کے ٹیسٹ کیے جاتے تھے جن میں کچھ علامات ظاہر ہوتی تھیں لیکن اب مختلف علاقوں میں کورونا کے رینڈم ٹیسٹ شروع کیے جائیں گے۔
چیئرمین این ڈی ایم اےکا کہنا تھاکہ اس وقت 8 لاکھ کٹس دستیاب ہیں اور مزید کٹس خریدنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ کورونا ٹیسٹ کی تعداد کو ملک بھر میں مزید مؤثر کیا جاسکے۔