اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نےواضح کیا ہے کہ پاکستان امن کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے،لیکن کسی بھی دوسری جنگ کا حصہ نہیں بن سکتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر وزیر خارجہ کو ایران، سعودی عرب اور امریکی دورے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان امن کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے تاہم کسی دوسری جنگ کا حصہ نہیں بن سکتے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جاری ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ پاکستان امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ آرمی چیف کو بھی متعلقہ عسکری حکام سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے لکھا کہ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں۔
خیال رہے کہ امریکی سیکرٹری دفاع ڈاکٹر مارک اسپر نے پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کرکے مشرق وسطیٰ کی حالیہ سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔