موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کو فیصل آباد سے لاہور منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم عابد کو کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پولیس نے آج ملزم عابد کو فیصل آباد سے گرفتار کیا تھا اور وہ گزشتہ ایک ماہ سے مفرور تھا۔
پولیس کےمطابق ملزم اپنی بیوی سے فون پر بات چیت کے بعد اس سے ملنے فیصل آباد پہنچا تو دھر لیا گیا۔
اس سےقبل پولیس اورقانون نافذ کر نے والے دیگر اداروں نے قصور ، شیخوپورہ ، ننکانہ صاحب اورملزم عابد کے آبائی علاقے فورٹ عباس میں بھی چھاپے مارے لیکن وہ ہاتھ نہ آیا۔
تھانہ گجرپورہ کی حددو سیالکوٹ موٹروے بائی پاس پر خاتون سے زیادتی کا واقعہ 9ستمبر کو پیش آیاتھا۔
متاثرہ خاتون لاہورسےاپنے بچوں کےہمراہ گاڑی پر گوجرانوالہ جا رہی تھی کہ پٹرول ختم ہوگیا۔ خاتون نے مدد کیلئے موٹر وے اور مقامی پولیس کو فون کیا، اسی دوران ملزمان عابد ملہی اور شفقت وہاں پہنچے، گاڑی کےشیشے توڑ کر خاتون کو باہر نکالا اور گن پوائنٹ پر بچوں کے سامنے اسے زیادتی کا نشانہ بنا کر فرار ہو گئے۔ کافی دیر بعد ڈولفن فورس کے اہلکاروں نےمتاثرہ خاتون کو ریسکیو کیا۔