لاہور،اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آئندہ ہفتے اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق اہم اعلان کریں گے جبکہ عمران خان نے کہا کہ صاف شفاف انتخابات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے، تیزی سے بگڑتی معاشی صورتحال قومی بقاء و سلامتی کیلئے غیرمعمولی خطرات کو ہوا دے رہی ہے۔
عمران خان آئندہ ہفتے ویڈیولنک پرپی ٹی آئی کے تمام ارکان اسمبلی سے خطاب کر ینگے ، کے پی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جمعہ، پنجاب پارلیمانی پارٹی اجلاس ہفتہ کو ہوگا جس میں عمران خان دونوں صوبائی پارلیمانی پارٹیوں کو اسمبلیاں تحلیل کرنے پر اعتماد میں لیں گے جب کہ عمران خان موجودہ سیاسی صورتحال میں اپنی حکمت عملی سے ارکان کو آگاہ کریں گےجبکہ مجلسِ وحدت المسلمین کے اعلیٰ سطحی وفد نے زمان پارک میں عمران خان سے خصوصی ملاقات کی ہے، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، دونوں جماعتوں کے مابین اشتراکِ عمل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تباد لہ خیال کیا گیا، وفد نے عمران کی سیاسی حکمتِ عملی کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان پیچیدہ ترین سیاسی و معاشی چیلنجز کا شکار ہے ،فوری صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے ذریعے بحران کے حل کی تدبیر کے چیئرمین تحریک انصاف کے مؤقف کی مکمل تائید کرتے ہیں۔
اسد عمر نے نئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر پر زور دیا ہے کہ وہ فوج اور قوم کے درمیان اعتماد کے ٹوٹے ہوئے رشتے کو بحال کریں، جو گزشتہ آٹھ ماہ میں لئے گئے فیصلوں سے بری طرح مجروح ہوا تھا۔ اپنے ٹویٹس میں اسد عمر نے کہا کہ قوم آج بھی ان فوجیوں پر فخر محسوس کرتی ہے جنہوں نے ملک کا دفاع کیا۔
شیریں مزاری ،فرخ حبیب نے کہاکہ سول ملٹری تعلقات کو آئین اور ہم آہنگی کے ساتھ مکمل طور پر دوبارہ ترتیب دینے کی ضرورت ہے ۔
اسد قیصر کا کہنا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کے معاملے پر ان کی پارٹی جذبات میں کوئی فیصلہ نہیں کرے گی ، ہر فیصلہ اپنے مناسب وقت پر ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کے معاملے پر پارٹی کی مرکزی قیادت نے عمران خان کے فیصلے کی توثیق کی ہے،شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کے فیصلے پر پارلیمانی کمیٹی سے مشاورت کا عمل جاری ہے، فیصلہ ہوچکا ہے۔
حماد اظہر نے کہا کہ کور کمیٹی نے اس معاملے میں تمام اختیارات عمران خان کو سونپ دیئے ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ معاشی حالات کے استحکام کیلئے انتخابات انتہائی اہم ہوچکے ہیں۔
لاہور میں صدر پی ٹی آئی وسطی پنجاب یاسمین راشد کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں اسمبلی سے استعفے کے بعد انتخابات کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے اعظم سواتی کی گرفتاری کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاری کے خلاف جلد سپریم کورٹ رجسٹری کے سامنے احتجاج کریں گے۔
تحریک انصاف نے اراکین کو جمعرات کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔ جمعہ کو عمران خان کی صدارت میں اجلاس میں حاضری یقینی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
?>