لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ کی واپسی کیلئے درخواست پر سماعت آج لاہور ہائیکورٹ میں ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ کی واپسی کیلئے درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کرے گا۔قومی احتساب بیورو(نیب) آج مریم نواز کے پاسپورٹ کی واپسی پر اپنا موقف پیش کرے گا۔
گزشتہ سماعت پر نیب نے مریم نواز کی درخواست کا جواب داخل کرانے کیلئے مہلت مانگی تھی اورہائیکورٹ نے نیب کو آج تک کی مہلت دی تھی۔یاد رہے کہ ہائیکورٹ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت پر نیب کے خدشے پر انہیں پاسپورٹ سرنڈر کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر مریم نواز نے پاسپورٹ اپنی ضمانت منظور ہونے پر ہائیکورٹ کے پاس سرنڈر کیا تھا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز نے 30 ستمبر کو ضمانت بعد ازگرفتاری کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔ تاہم اکتوبر کے اواخر میں ان کے والد نواز شریف کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی جس کے باعث انہوں نے 24 اکتوبر کو بنیادی حقوق اور انسانی بنیادوں پر فوری رہائی کے لیے متفرق درخواست دائر کردی تھی۔