پیروں کے پیر غوث اعظم حضرت عبدالقادر جیلانی ؒ ۔ برصغیر کا ہر مسلمان ان کی کرامات و رتبے سے واقف ہے اور قائل ہے، بہت سے لوگ اپنے نام کے آگے آپؒ کے اسم مُبارک کی نسبت سے جیلانی یا قادری لکھتے ہیں۔
غوث اعظم کاپورا نام عبدالقادر، کنیت ابو محمد اور القابات محی الدین، غوث الاعظم وغیرہ ہیں۔ آپؒ 470 ہجری میں بغداد کے قریب قصبہ جیلان میں پیدا ہوئے اور 561 میں بغداد ہی میں وصال پایا۔ آپؒ کا مزار بغداد میں ہی ہے۔
لفظ غوث کے لغوی معنی ہیں فریاد پہنچانے والا یا سننے والا ہے اور کیونکہ مسلمانوں کی اکثریت آپؒ کو غریبوں، مجبوروں، بے کسوں اور حاجت مندوں کا مددگار، ہمدرد اور سننے والا سمجھتی ہے اس لئے آپ کو غوث اعظم کہتے ہیں۔
برصغیر کے مسلمان آپؒ کو پیرانِ پیر دستگیر کے لقب سے بھی یاد کرتے ہیں۔ والد کی طرف سے آپ کا نسب حضرت اِمام حسنؓ سے ملتا ہے اور والدہ کی طرف سے آپ کا نسب حضرت اِمام حسینؓ سے ملتا ہے۔ آپ کے والدین اور ان کے جدِّامجد جیلان کے علماء اور مشائخ میں سے تھے اور بہت عزّت و تکریم کے حامل تھے۔