صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے پشاور مدرسے میں دھماکےکی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی، انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور شہداء کے درجات بلند فرمائے۔ ۔
وزیراعظم عمران خان نے بھی پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکےسے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور زخمی افراد کو تمام طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جن ماؤں کی گود اجڑ گئی ان کے دکھ کا تصور ممکن نہیں، پشاور مدرسہ میں دھماکے پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، اللہ تعالیٰ شہدا کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کا کوئی مذہب نہیں، وہ درندے ہیں، دہشت گرد پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کرسکتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ سے ہمدردی اوریکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے لیے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا واقعے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
وزیراعلیٰ محموخان نے پولیس کو واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اور ظالمانہ قدم ہے۔
واضح رہے کہ پشاور کے علاقے دیرکالونی میں ایک مدرسے میں دھماکہ ہوا ہے اور ابتدائی طور7 افراد جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
پشاور دھماکا سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، مختلف سیاسی اور سماجی شخصیحات نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔