بالی ووڈ کے ’’کنگ‘ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کا مسئلہ تاحال حل نہ ہوسکا، منشیات کیس سے بریت تو ملی لیکن وہ اب بھی اپنے پاسپورٹ سے محروم ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آریان خان نے منشیات کیس میں کلین چٹ ملنے کے بعد اپنے پاسپورٹ کے حصول کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا، انہوں نے اپنے وکلا کے ذریعے بھارت کی خصوصی عدالت میں اپنی درخواست جمع کرادی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ منشیات کیس سے بری ہوچکے ہیں لہذا ضمانت کی شرط پر رکھوایا گیا پاسپورٹ انہیں واپس کیا جائے۔
معروف اداکار کے بیٹے کی درخواست پر خصوصی عدالت نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) کو اس ضمن میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔ آریان خان کی درخواست پر خصوصی عدالت میں رواں ماہ(جولائی) کی 13 تاریخ کو سماعت ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 3 اکتوبر کو این سی بی نے شاہ رخ خان کے بیٹے کو منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا بعد ازاں ناکافی ثبوت ہونے کی بنا پر عدالت نے انہیں مقدمے سے کلین چٹ دی۔
?>