اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا مزید 14 روزہ ریمانڈ منظور کر لیا۔
ایل این جی کیس میں نامزد سابق وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند کے روبرو پیش کیا گیا۔
دوران سماعت نیب نے شاہد خاقان عباسی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ایل این جی ٹرمینل ون سے متعلق مزید تفتیش کرنی ہے۔
جج شارخ ارجمند نے استفسار کیا کہ کتنے دن کا جسمانی ریمانڈ ہوچکا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ 41 روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہو چکا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جسمانی ریمانڈ کی مخالفت نہیں کروں گا کیونکہ پہلے دن ہی کہا تھا ایک ہی بار 90 دن کا ریمانڈ دے دیں۔ میں بتا چکا ہوں کوئی جرم نہیں کیا۔
صحافی نے سوال کیا آپ ہر بار مزید ریمانڈ مانگتے ہیں کیا آج پھر اپنا مزید ریمانڈ چاہیں گے؟ شاہد خاقان عباسی نے جواب دیا کہ میں مزید ریمانڈ ہی چاہوں گا۔
لیگی رہنماء خواجہ آصف، خرم دستگیر، سینیٹر جاوید عباسی اور شاید خاقان عباسی کی فیملی بھی احتساب عدالت میں موجود تھی۔