راولپنڈی: جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کی کمانڈ سنبھال لی۔
پاک فوج میں کمان تبدیلی کی تقریب جی ایچ کیو میں ہوئی، جہاں جنرل قمر جاوید باجوہ اور نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر قومی پرچم کو سلامی بھی دی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی نئے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کے ہمراہ پنڈال میں آمد ہوئی تو گارڈز نے انہیں سلامی پیش کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اعزازی گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہیں الوداعی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ سابق آرمی چیف نے شرکا سے خطاب بھی کیا۔
انہوں نے نئے آرمی چیف کو مبارک باد دی اور کہا کہ پاک فوج کے ساتھ عمر بھر کی رفاقت مکمل ہونے پر میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اس عظیم فوج میں ملازمت کا موقع دیا اور ایک بامقصد زندگی عطا کی۔
سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان جنرل عاصم منیر کے حوالے کی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی مہمانوں شامل تھے۔
?>