کہتے ہیں کہ جب کتا آدمی کو کاٹے تو خبر نہیں بنتی لیکن جب آدمی کتے کو کاٹے تو خبر بن جاتی ہے۔
کچھ ایسا ہی ہوا بھارتی گجرات کے علاقے مہی ساگر میں ، جہاں ایک 60سالہ شخص نے سانپ کو ڈس لیا۔
ہوا کچھ یوں کہ پروت گالا باریا نامی شخص معمول کے کاموں میں مصروف تھا اور ٹرک پر سامان لوڈ کر رہا تھا کہ اچانک سامان میں سے سانپ باہر نکلا اور نکلتے ہی پروت کے چہرے پر ڈس لیا۔
شدتِ درد سے چلاتے ہوئے 60سالہ مزدور نے سانپ کو گردن سے پکڑ لیا اور دانتوں میں دبا کر ٹکڑے ٹکڑے کرڈالا۔
اسی دوران پروت گالا کی طبعیت بگڑ گئی اور کچھ دیر بعد قریبی قصبے لوناوادا کی اسپتال داخل ہونے کے بعد ہلاک ہوگئے کیونکہ تب تک بہت دیر ہوچکی تھی، زہر پورے جسم میں پھیل چکا تھا اور اب اس کو بچانا ممکن نہیں تھا۔
جہاں ایک جانب مزدور کی ہلاکت پر انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت میں مزدوروں کے حقوق کی پامالی پر احتجاج کر رہی ہیں وہیں دوسرے جانب انسان کا سانپ کو ڈسنے کے اس عجیب و غریب واقعے نے دنیا بھر میں دلچسپ خبروں کے قارئین کی خاص توجہ حاصل کر رکھا ہے۔