معروف اداکارہ مہوش حیات نے بلاول بھٹو سے شادی کے بیان پر وضاحت جاری کردی ہے۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی مہوش حیات نے شادی سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کی وضاحت کردی ہے۔
اداکارہ مہوش حیات نے سوشل میڈیا کی مائیکرو بلاگنگ ویبسائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ “میں شادی کے لیے جس کا بھی انتخاب کروں یہ میرا فیصلہ ہے اور جب میں ایسا کروں گی تو سب کو معلوم ہوجائے گا”۔
انہوں نے مزید کہا کہ “میچ مکسنگ نہ کریں اور 2 سال پرانے انٹرویو میں مطلب سے ہٹ کر باتیں اور ہیڈلائنز نہ بنائیں”، انہوں نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ” اور بھی غم ہیں زمانے میں شادی کے سوا”۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اداکارہ مہوش حیات کے انٹریو کی ایک کلپ خوب وائرل ہورہی تھی جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ انہیں بلاول بھٹو کے ساتھ شادی میں بھلا کیا اعتراض ہوسکتا ہے۔