لاہور: اورنج لائن کے اسٹیشن اعوان ٹاؤن کے عملے کو پولیس نے مزدروں پر بہیمانہ تشدد کرنے پر گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اعوان ٹاؤن اسٹیشن پر عملے کی جانب سے مزدوروں پر تشدد کیا گیا جس کی ویڈیو ڈائیلاگ پاکستان کو موصول ہوئی جس میں باآسانی دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح خاتون اہلکار سمیت دیگر اہلکار مزدوروں پر بہیمانہ تشدد کررہے ہیں۔
واقع کی اطلاع ملنے پر گلشن اقبال پولیس نے مزدروں کو عملے کی چنگل سے بازیاب کروایا اور 6 ملازمین کو گرفتار کرلیا ہے جن کے قبضے سے ڈنڈے بھی برآمد ہوئے ہیں جبکہ تشدد کرنے والے ملزمان میں تنزیل، فرمان، عامر، جاوید اور وقاص شامل ہیں۔
مزدروں کو کہنا ہے کہ سردی سے بچنے کے لیے آگ جلائی تھی جس کے بعد دھواں اٹھنے پر اورنج لائن کے اہلکاروں نے ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزدوروں نے میٹرو اسٹیشن کے نیچے سردی سے بچنے کے لیے آگ لگا رکھی تھی جبکہ ایس پی گلشن اقبال کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
لاہور پولیس کے سربراہ غلام محمود ڈوگر نےاس واقع پر نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ مزدروں کو انصاف فراہم کیا جائے گا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، ریاستی رٹ ہر صورت قائم رکھی جائے گی۔