اسلام آباد:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف سے الوداعی ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیراعظم نے آرمی چیف کو ملک اور قوم کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف آرمی چیف کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔نئے آرمی چیف اورچیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرریوں اور موجودہ سربراہان کی ریٹائرمنٹ کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے ہیں۔
جنرل عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کی ترقی فوری طور پر نافذ العمل ہو گی۔جنرل عاصم منیرکی بطورآرمی چیف اور جنرل ساحرشمشادمرزاکی بطور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف تین تین سال کیلئے تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
جبکہ موجودہ چیئرمین جنرل ندیم رضاکی27نومبرکوریٹائرمنٹ کانوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے اور آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کی29نومبرکوریٹائرمنٹ کانوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو ایوانِ صدر میں الوداعی ملاقات کی.
ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر عارف علوی نے فوج کے سپہ سالار کی دفاعی شعبے میں خدمات کو سراہا جب کہ ملک اور فوج کے لیے ان کی خدمات کی تعریف بھی کی.
صدر مملکت نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے مستقبل کے لیے نیک تمناﺅں کا بھی اظہار کیا۔